{"product_id":"wohi-naam-saare","title":"Wohi Naam Saare","description":"\u003cp\u003e\u003cspan\u003eحوزے ساراماگو 16 نومبر 1922ء کو پرتگال کے صوبہ ربیٹجو کے ایک چھوٹے سے گاؤں ازینہاگا میں پیدا ہوئے اور پُرتگال میں بے زمین ہاریوں کے ایک غریب گھرانے میں افلاس و عسرت کے ساتھ جنگ لڑتے ہوئے زندگی بسر کی۔ ساراماگو کو سکول کی تعلیم کے فوراً بعد گاڑیوں کی مرمت کی ورکشاپ میں دو سال کام کرنا پڑا۔ مختلف شعبوں میں مزدوری اور نوکریوں کے بعد ایک اشاعتی ادارے سے وابستہ ہو گئے لیکن نومبر 1975ء میں سیاسی بحران کی وجہ سے یہ ملازمت بھی چھوڑ دی۔ اِس سے پہلے وہ 1969ء میں کمیونسٹ پارٹی میں شمولیت اختیار کر چکے تھے۔ اُنھوں نے سیاست میں باضابطہ حصہ لیا۔ واضح اور دو ٹوک سیاسی رائے رکھتے تھے جس کا کاٹ دار اظہار وہ ہمیشہ اپنی مختلف تحریروں میں کرتے رہے۔ ساراماگو کا پہلا ناول 1947ء میں شائع ہوا، مگر اس کے بعد وہ طویل عرصے تک ادبی طور پر خاموش رہے۔ 1966ء میں اُن کی نظموں کا مجموعہ شائع ہوا، اور پھر ادبی و تنقیدی مضامین، اخباری کالم اور دوسری زبانوں کے معاصر ادب کے تراجم کا ایک سلسلہ چل پڑا جس نے ان کو بے حد فعال ادبی شخصیت بنا دیا۔\u003c\/span\u003e\u003cbr\u003e\u003cspan\u003e1982ء میں شائع ہونے والے ناول \"Baltasar and Blimunda\" نے اُنھیں عالمی شہرت دلائی اور یہ ناول پین کلب ایوارڈ جیتنے میں کامیاب رہا۔ تاہم 1995ء میں شائع ہونے والا ان کا شہرۂ آفاق ناول \"Blindness\" اُن کے ادبی مقام کو مزید مستحکم کر گیا۔ ممتاز شاعر اور مترجم احمد مشتاق نے اس ناول کا ’’اندھے لوگ‘‘ کے عنوان سے ترجمہ کیا، جو اُردو داں طبقے میں نہایت مقبول ہوا۔\u003c\/span\u003e\u003cbr\u003e\u003cspan\u003eحوزے ساراماگو اپنی تحریر میں کثرت سے تشبیہات کا استعمال کرتے ہیں، اورمنتشر خیال عناصر کے ذریعے معاشرے پر تفصیلی اور تنقیدی نظر ڈالتے ہیں۔ ساراماگو کے اسلوب کی ایک خصوصیت مکالموں اور بیانیہ کی آمیزش ہے، جس میں کم رموز والے طویل جملے ہوتے ہیں جو کئی صفحات پر محیط بھی ہو سکتے ہیں۔\u003c\/span\u003e\u003cbr\u003e\u003cspan\u003eحوزے سارا ماگو فاؤنڈیشن نے اکتوبر 2011ء میں ان کے ایک گم شدہ ناول \"Skylight\" کی اشاعت کا اعلان کیا۔ یہ ناول 1950ء کی دہائی میں لکھا گیا تھا اور ایک ناشر کی محفوظ شدہ دستاویزات میں رہا جس کو یہ مخطوطہ بھیجا گیا تھا۔ ساراماگو اپنی موت تک اس کام کے بارے میں خاموش رہے۔ اس ناول کا متعدد زبانوں میں ترجمہ ہو چکا ہے۔\u003c\/span\u003e\u003cbr\u003e\u003cspan\u003eحوزے ساراماگو اپنی زندگی کے آخری برسوں میں افریقی ساحل کے قریب واقع جزائر کناریہ (Canary Islands) میں رہائش پذیر ہو گئے اور اسی جزیرے میں 18 جون، 2010ء کو 87 برس کی عمر میں وفات پاگئے۔\u003c\/span\u003e\u003cbr\u003e\u003c\/p\u003e","brand":"ferozsonspk","offers":[{"title":"Default Title","offer_id":44493823869011,"sku":null,"price":1200.0,"currency_code":"PKR","in_stock":true}],"thumbnail_url":"\/\/cdn.shopify.com\/s\/files\/1\/0605\/4576\/1363\/files\/68ef57d6122231760516054.jpg?v=1776153001","url":"https:\/\/ferozsons.com.pk\/products\/wohi-naam-saare","provider":"ferozsonspk","version":"1.0","type":"link"}